تھرواننت پورم،12/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا ) شہریت ترمیم قانون کو لے کر کیرلا میں لیفٹ کی قیادت والی حکومت اور گورنر آمنے سامنے آ گئے ہیں۔صوبے کے گورنر عارف محمد خان نے حکومت کی جانب سے ایکٹ کی مخالفت میں اخبارات میں اشتہارات چھپوانے کو لے کر اعتراض کیا ہے۔قومی اخبارات میں حکومت کے اشتہارات کو لے کر گورنر نے کہا کہ اپنی سیاسی مہم کے لئے عوام کے پیسے کی بربادی کرنا مکمل طور پر غلط ہے۔بتا دیں کہ کیرلا حکومت نے جمعہ کو اخبارات میں اشتہارات دے کر دعوی کیا تھا کہ ریاستی حکومت آئینی اقدار کی حفاظت کرنے کولے کرپرعزم ہے۔اشتہار میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے شہریت ترمیم کو صوبے میں لاگو نہ کرنے کو لے کر اسمبلی سے قرارداد منظور کی ہے۔دہلی میں موجود گورنر عارف محمد خان نے ٹی وی چینلز سے بات چیت میں کہا کہ سیاسی تشہیر کے لئے سرکاری فنڈز کا غلط استعمال کرنا مکمل طور پر غلط ہے۔خان نے کہاکہ سرکاری فنڈز کا استعمال پارلیمنٹ کی جانب سے منظور قانون کے خلاف مہم میں کیا جا رہا ہے،یہ مجھے پریشان کرتا ہے۔گورنر نے کہا کہ اگر یہ اشتہار کسی سیاسی پارٹی کی جانب سے جاری کیا گیا ہوتا تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ کیرلا حکومت نے تین قومی اخبارات میں اشتہارات دے کر کہا تھا کہ حکومت نے عوام کے جذبات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کئی بہادرانہ فیصلے لیے ہیں۔حکومت نے نیشنل پاپولیشن رجسٹر پر روک کی بھی بات کہی ہے۔کیرلا کے وزیر اعلیٰ پنرائی وجین کی حکومت نے این پی آر کو این آرسی کا ابتدائی قدم قرار دیا ہے۔